بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کے نواح میں ایئر انڈیا کی مسافر بردار پرواز کو پیش آنے والے اندوہناک فضائی سانحے پر پاکستان کی اعلیٰ قیادت نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
واقعے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر پاکستانی حکومت، سیاسی قیادت اور قومی اداروں کی جانب سے بھارت کے عوام اور متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا پیغام دیا گیا ہے۔
وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں حادثے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔
انہوں نے لکھا کہ وہ اس المناک واقعے کے تمام متاثرین کے لیے دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں اس کربناک گھڑی کا صبر دے اور لواحقین کو حوصلہ عطا فرمائے۔
دوسری جانب پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بھی اس دل دہلا دینے والے حادثے پر دکھ کا اظہار کیا۔
اپنے سوشل میڈیا پیغام میں انہوں نے واضح کیا کہ ایئر انڈیا کی پرواز کو پیش آنے والا حادثہ انسانی دکھ و درد سے بھرپور سانحہ ہے اور پاکستانی عوام بھارتی شہریوں کے اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کی ہمدردیاں بھارت کے عوام اور خاص طور پر متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے بھی احمد آباد کے فضائی حادثے پر اظہار افسوس کیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ ان خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں جنہوں نے اس سانحے میں اپنے پیاروں کو کھویا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ایسی آفات اور سانحات کسی ایک ملک یا قوم تک محدود نہیں ہوتے بلکہ یہ ہمیں ہماری مشترکہ انسانیت کی حقیقت سے روشناس کراتے ہیں۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور پوری بھارتی قوم سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اس دکھ میں بھارتی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی اس فضائی حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھارت میں پیش آنے والا یہ افسوسناک سانحہ دل کو دہلا دینے والا ہے۔
ان کے بقول، اس موقع پر پاکستان کی عوام بھارتی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ مکمل ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے نے بھی اس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک دردناک انسانی سانحہ قرار دیا اور تمام متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی ظاہر کی۔