راولپنڈی : آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سول بیوروکریسی ریاستی نظم و نسق کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور نوجوان افسران کو چاہیے کہ وہ اپنی عملی زندگی میں دیانت، حب الوطنی اور پیشہ ورانہ مہارت کو بنیاد بنائیں تاکہ پاکستان ایک مضبوط، خوشحال اور پائیدار ریاست بن سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل عاصم منیر سے 52ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسران نے ملاقات کی، جس میں قومی سلامتی، داخلی و خارجی چیلنجز اور ریاستی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کے موضوعات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ آرمی چیف نے ادارہ جاتی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو ملکی بقا اور ترقی کا ضامن قرار دیا۔
فوجی قیادت نے اس موقع پر نوجوان افسران کو تلقین کی کہ وہ صرف نوکری کو فرض نہ سمجھیں بلکہ اسے ایک قومی خدمت اور تاریخی ذمہ داری کے طور پر نبھائیں۔ فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ پاک فوج نہ صرف سرحدوں کی محافظ ہے بلکہ علاقائی امن و استحکام کی ضامن بھی ہے۔
52ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسران نے کشمیر، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں پاک فوج کی انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں اور فیلڈ ورک کا مشاہدہ بھی کیا، جس سے ان کے وژن، علم اور حب الوطنی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔
