اسلام آباد:وزیرِاعظم شہباز شریف نے گزشتہ مالی سال 2024-25 کے دوران پاکستان کو موصول ہونے والی ریکارڈ 38.3 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر پر قوم اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے اسے نہ صرف قومی معیشت کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت بلکہ بیرون ملک پاکستانیوں کے اعتماد کا عملی ثبوت قرار دیا۔
وزیرِاعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ترسیلات گزشتہ مالی سال 2023-24 کے مقابلے میں 8 ارب ڈالر کا اضافہ ظاہر کرتی ہیں، جو 26.6 فیصد اضافے کے برابر ہے۔ یہ ملکی تاریخ میں ترسیلات زر کی سب سے بلند ترین سطح ہے، جو بیرون ملک پاکستانیوں کی وطن سے محبت اور اقتصادی استحکام پر یقین کو ظاہر کرتی ہے۔
انہوں نے کہایہ اعدادوشمار اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہماری معاشی پالیسیاں درست سمت میں جا رہی ہیں۔ ہم معاشی استحکام کے مرحلے سے نکل کر اب ترقی کی طرف گامزن ہیں۔
وزیرِاعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کی قربانیوں، محنت، اور اعتماد کو قومی سرمایہ قرار دیا اور انہیں ملک کی معاشی بحالی میں ریڑھ کی ہڈی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کے لیے مزید اقدامات کرے گی، تاکہ وہ قانونی اور محفوظ ذرائع سے رقوم بھیجنے میں سہولت محسوس کریں۔
انہوں نے معاشی اشاریوں میں بہتری کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ مہنگائی میں کمی، زرمبادلہ ذخائر میں استحکام، روپے کی قدر میں بہتری اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی جیسے مثبت اشارے اس بات کے غماز ہیں کہ پاکستان کی معیشت بحران سے نکل کر بحالی کی راہ پر ہے۔