اسلام آباد/دوحہ:پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے عالمی سطح پر واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ایک ریاستی پالیسی کے تحت پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے اور اس نیٹ ورک کا ماسٹر مائنڈ کوئی اور نہیں بلکہ اجیت دوول ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں "فتنۃ الہندوستان” کے نام سے سرگرم گروپوں کو مالی اور عسکری مدد فراہم کر رہا ہے۔
الجزیرہ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے وزیرستان میں ہونے والے حالیہ دھماکے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ ان حملوں میں بھارت براہ راست ملوث ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کے یہ حملے پاکستان کے خلاف ایک مکمل منصوبہ بندی کے تحت کیے جا رہے ہیں، جنہیں فتنۃ الخوارج (کالعدم ٹی ٹی پی) اور ان کے بھارتی سرپرستوں کی مدد حاصل ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ڈکلیئرڈ نیوکلیئر اسٹیٹ ہے، اور ہمارا جوہری پروگرام مکمل طور پر محفوظ ہے۔ کسی دشمن کو ہماری جوہری صلاحیت کو چیلنج کرنے کی جرات نہیں ہو سکتی۔”
انہوں نے وضاحت کی کہ اسلام میں جہاد کا اختیار صرف ریاست کے پاس ہوتا ہے، کسی فرد یا گروہ کو اس کا حق نہیں دیا جا سکتا۔ فتنہ خوارج اور فتنہ ہندوستان نہ صرف ریاستی اداروں بلکہ اسلامی تعلیمات اور انسانیت کے بھی دشمن ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسرائیلی جارحیت کا شکار بننے والے ایران کے ساتھ سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکہ، کینیڈا، اور دیگر مغربی ممالک خود بھی بھارتی دہشت گرد نیٹ ورکس اور ان کی ریاستی حمایت پر سوالات اٹھا چکے ہیں، جو کہ پاکستان کے مؤقف کی بین الاقوامی توثیق ہے۔