اسلام آباد : پاکستان کی ایوی ایشن انڈسٹری کے لیے ایک بڑی خوشخبری آ گئی ہے۔ برطانیہ نے پاکستان کا نام اپنی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا ہے، جس کے بعد پاکستانی ایئرلائنز پر عائد تمام فضائی پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں۔ یہ فیصلہ ایوی ایشن سیفٹی میں نمایاں بہتری کے بعد کیا گیا ہے، جس کا اعلان بدھ کے روز برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے ایک سرکاری بیان میں کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سیفٹی لسٹ سے اخراج ایک "آزاد اور تکنیکی بنیاد پر ہونے والا فیصلہ تھا، جس میں بین الاقوامی معیارات کا مکمل جائزہ لیا گیا۔ تاہم، پاکستانی ایئرلائنز کو اب بھی برطانیہ میں پرواز کی اجازت حاصل کرنے کے لیے یو کے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے باضابطہ منظوری لینا ہوگی۔
اس فیصلے سے چند روز قبل، برطانیہ کے محکمہ ٹرانسپورٹ (DFT) کی تین رکنی ماہر ٹیم نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا تھا۔ 8 جولائی کو پہنچنے والی یہ ٹیم 11 جولائی تک پاکستان کے سب سے مصروف ایئرپورٹ پر سکیورٹی اور پروٹوکولز کا تفصیلی معائنہ کرتی رہی۔
ایئرپورٹ سکیورٹی فورس (ASF) کے مطابق، ٹیم نے ایوی ایشن سکیورٹی کے اقدامات کو تسلی بخش اور بین الاقوامی معیار کے مطابق قرار دیا۔
برطانوی ٹیم نے دورانِ انسپیکشن نہ صرف سکیورٹی ڈیپلائمنٹ اور اسکریننگ کے نظام کا مشاہدہ کیا، بلکہ ڈرون سکیورٹی، ایمرجنسی رسپانس، داخلی پوائنٹس، کیو آر ایف کی تیاری سمیت تمام پہلوؤں کا عملی جائزہ لیا۔ اے ایس ایف نے مکمل تیاری کے ساتھ سکیورٹی انتظامات پیش کیے تاکہ پاکستان کی جانب سے عالمی معیار کی پاسداری کو یقینی بنایا جا سکے۔
برطانیہ میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اپنے بیان میں پاکستانی اور برطانوی ماہرین کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے کہا میں شکر گزار ہوں کہ دونوں ممالک کے ماہرین نے مل کر بین الاقوامی حفاظتی معیارات پر کام کیا۔ پروازوں کی مکمل بحالی میں کچھ وقت لگ سکتا ہے، مگر میں پرامید ہوں کہ جلد پاکستانی ایئرلائن سے سفر کر سکوں گی تاکہ خاندان اور دوستوں سے ملاقات ممکن ہو۔”یاد رہے کہ 22 مئی 2020 کو کراچی میں پیش آنے والے المناک پی آئی اے طیارہ حادثے (جس میں 97 افراد جاں بحق ہوئے) کے بعد اس وقت کے وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے ایک حیران کن انکشاف کیا تھا کہ تقریباً ایک تہائی پاکستانی پائلٹس نے جعلی لائسنس حاصل کر رکھے ہیں۔
اس بیان کے بعد یورپی یونین، امریکہ اور برطانیہ سمیت کئی ممالک نے پاکستانی ایئرلائنز پر اپنی فضائی حدود میں پرواز کرنے پر پابندی لگا دی تھی۔ پی آئی اے خاص طور پر ان پابندیوں کی زد میں آیا۔
سیفٹی لسٹ سے اخراج کا مطلب یہ ہے کہ اب پاکستانی ایئرلائنز برطانیہ میں دوبارہ پروازیں شروع کرنے کے لیے درخواست دے سکتی ہیں۔برطانیہ کی منظوری کے بعد یہ پروازیں جلدبحال ہونے کا امکان ہے، جو پاکستان کے لیے معاشی، تجارتی اور سفری حوالے سے ایک بڑی پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔