اسلام آباد: انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کےوائس چانسلرڈاکٹراحمد سعد الاحمد نے اپنے دفتر میں خادم الحرمین الشریفین کے سفارتخانے کے میڈیا اتاشی ڈاکٹر نائف العتیبی کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تعلیم، تحقیق اور اکیڈمک روابط کو فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اس دورے میں ڈاکٹر نائف کے ہمراہ سفارتخانے میں تعینات اہم شخصیت جناب سعد الدوسری بھی موجود تھے
ڈاکٹر نائف العتیبی نے وائس چانسلرڈاکٹراحمد سعد الاحمد کو ان کے نئے منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے تعلیمی اداروں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، خاص طور پر تحقیق، طلبہ کے تبادلے اور مشترکہ تعلیمی منصوبوں کے میدان میں تعاون جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔
وائس چانسلر نے سعودی حکومت کی تعلیم کے فروغ کے لیے کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعہ، سعودی تعلیمی و تحقیقی اداروں کے ساتھ دیرپا شراکت داری کی خواہاں ہے۔ انہوں نے سعودی سفارتخانے کے تعاون کو مستقبل کے منصوبوں کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس کے دوران دونوں اطراف نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔