اسلام آباد: آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کی دہشت گرد تنظیموں کی حمایت کی شدید مذمت کرتےہوئے کہا ہےکہ بھارت معرکۂ حق میں شکست کے بعد اپنی ناکام سازشوں کے لیے پراکسی وار کو بڑھارہا ہے۔ان کا کہناتھا کہ بھارت کی یہ کوششیں بلوچستان کے عوام کی حب الوطنی کو کمزور کرنے کی ناکام سازش ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، آرمی چیف نے یہ بات 16ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس ورکشاپ میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کی قومی یکجہتی اور بلوچستان کی ترقی پر زور دیا۔
آرمی چیف نے اپنی تقریر میں کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنے عزم میں مکمل طور پر مضبوط ہے اور بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کو ملکی استحکام کے لیے لازمی قرار دیا۔ انہوں نے بھارت کی پراکسی جنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے معرکۂ حق میں شکست کے بعد پراکسی وار کو بڑھا کر پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کی ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بھارت کے دہشت گرد گروہ فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان اس کی ہائبرڈ وار کا حصہ ہیں اور ان کا انجام بھی وہی ہوگا جو معرکۂ حق میں ان کے پیش روؤں کا ہوا۔
آرمی چیف نے قومی یکجہتی کے اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد کوئی مذہب یا قومیت کی حد سے نہیں جڑتے، اس لیے ان کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی اہمیت کو اجاگر کیا اور تمام اداروں کے مابین مؤثر ہم آہنگی اور قومی سطح پر مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستان کی سلامتی اور وقار کے تحفظ کے لیے پاک فوج ہر لمحہ تیار ہے اور ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی خطرات کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل عزم و ارادے کے ساتھ موجود ہے۔