ملتان (نمائندہ دار نیوز)پاکستان کے فیلڈ مارشل اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے ملتان گیریژن کا اہم دورہ کیا، جہاں انہیں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں، جاری عسکری تربیت، اور دفاعی منصوبہ بندی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فیلڈ مارشل نے تیاریوں کے اعلیٰ معیار پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے پاکستان آرمی ایوی ایشن میں جدید ترین Z-10ME اٹیک ہیلی کاپٹرز کی شمولیت کی تقریب کی صدارت بھی کی۔ یہ ہیلی کاپٹرز دن و رات اور ہر موسم میں دشمن کے فضائی و زمینی اہداف کو نشانہ بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ Z-10ME اٹیک ہیلی کاپٹرز جدید ریڈار، الیکٹرانک وارفیئر سسٹمز، اور ہدف شکن ہتھیاروں سے لیس ہیں، جن کی بدولت پاکستان آرمی ایوی ایشن کی حربی طاقت میں ایک انقلابی اضافہ ہوا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مظفر گڑھ فیلڈ فائرنگ رینجز میں ان ہیلی کاپٹرز کی جانب سے پیش کیے گئے فائر پاور کے شاندار عملی مظاہرے کا مشاہدہ بھی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مشترکہ ہتھیاروں کی حکمت عملی، موثر کوآرڈینیشن اور جدید جنگی تکنیکوں کے کامیاب مظاہرے کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ بدلتے ہوئے خطے میں ہائبرڈ جنگی خطرات کا بھرپور ادراک ہے اور فوج ہر سطح پر دفاع کے لیے پوری طرح چوکس ہے۔
اپنے دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے فوجی جوانوں اور افسران سے ملاقات کی اور ان کے حوصلے، پیشہ ورانہ قابلیت اور جنگی تیاری کو سراہتے ہوئے انہیں "قومی فخر” قرار دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دشمن کے کسی بھی پراکسی وار کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، خاص طور پر بھارت کی جانب سے "معرکہ حق” میں شکست کے بعد پھیلائی جانے والی منفی مہمات کا۔
فیلڈ مارشل نے اکیڈیمیا اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کے ساتھ انٹرایکٹو سیشن میں بھی شرکت کی جس میں قومی یکجہتی، سول-ملٹری ہم آہنگی اور قومی سطح پر ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہو کر پاکستان کی سالمیت، ترقی اور خودمختاری کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔
قبل ازیں، ملتان گیریژن پہنچنے پر کور کمانڈر ملتان نے فیلڈ مارشل کا پُرجوش استقبال کیا۔