فیصل آباد:فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے 431 جی بی فیصل آباد کے ایک گاؤں میں بجلی چوری اور بل ادا نہ کرنے پر پورے گاؤں کی بجلی منقطع کر دی۔
فیسکو حکام کے مطابق گاؤں کے کئی صارفین نے ڈائریکٹ کنڈے ڈال کر بجلی چوری کی، جبکہ گاؤں پر 100 سے زائد مقدمات درج ہیں اور ایک کروڑ روپے سے زائد کے واجب الادا بل جمع ہونے ہیں۔
فیسکو کے اہلکاروں نے بتایا کہ اس اقدام کے بعد گاؤں میں مین سپلائی لائن سے بجلی کی سپلائی مکمل طور پر معطل کر دی گئی ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ جب تک واجب الادا بل جمع نہیں ہوتے، گاؤں کے تمام کنکشن منقطع رہیں گے۔ فیسکو کا کہنا ہے کہ یہ قدم صارفین کو بل کی ادائیگی اور بجلی چوری سے بچاؤ کے لیے ایک انتباہ ہے۔
حکام نے مزید کہا کہ بجلی چوری نہ صرف کمپنی کے لیے مالی نقصان کا سبب بنتی ہے بلکہ اس سے مقامی صارفین کو بھی متاثر ہونے کا خطرہ رہتا ہے، اس لیے تمام افراد فوری طور پر اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔