اسلام آباد:عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے تناظر میں پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اہم تبدیلیاں متوقع ہیں۔اگلے 15 دنوں کے دوران، 16 اگست سے پیٹرول، ڈیزل، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں کمی اور اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
حکام کے مطابق، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11.75 روپے فی لیٹر کمی کی توقع ہے، جس سے یہ 282.83 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 274.08 روپے فی لیٹر تک پہنچ سکتا ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں 1.32 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے، جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 6.25 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 7.11 روپے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔
یہ رد و بدل عالمی توانائی ایجنسی کی پیشگوئیوں کے بعد متوقع ہے، جن کے مطابق خام تیل کی اضافی مقدار میں اضافہ ہوگا، جس کے نتیجے میں عالمی مارکیٹ میں تیل کے فیوچرز کی قیمتیں دو ماہ کی کم ترین سطح، یعنی 62.7 ڈالر فی بیرل تک گر چکی ہیں۔
اگر حکومتی تجاویز کو منظور کر لیا جاتا ہے تو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور اضافے سے نہ صرف صارفین کو فائدہ پہنچے گا بلکہ یہ پاکستان کی معیشت میں بھی مثبت اثرات مرتب کرے گا۔ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں یہ کمی بھی پاکستان کے لیے ایک خوش آئند موقع فراہم کرتی ہے۔