چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیرسےاہم ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے خطےمیں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اس ملاقات میں پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے متعدد اہم نکات پر گفتگو کی گئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کی جانب سے پاکستان کو مسلسل حمایت دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کو اجاگر کیا۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے بھی پاکستان کی ترقی اور خود مختاری کے لیے چینی حمایت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
ملاقات میں چین نے پاکستان کے ساتھ کان کنی، زراعت اور صنعت میں تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔ دونوں ممالک نے اس شعبے میں مزید ترقی کے لیے جدید منصوبوں پر بات چیت کی، جو دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچا سکتے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عالمی اور علاقائی فورمز پر رابطہ کاری بڑھائی جائے گی، تاکہ مشترکہ مفادات کے لیے موثر اقدامات کیے جا سکیں اور عالمی سطح پر دونوں ممالک کا اثرورسوخ بڑھایا جا سکے۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک اپنی قومی اور علاقائی سلامتی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔
ملاقات میں پاکستان اور چین کے باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کی مزید ترقی کے امکانات پر تفصیل سے بات کی گئی۔
