پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کے بعد پاکستان بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اس اہم موقع پر پاکستان علما کونسل نے کل بروز جمعہ کو "یومِ تشکر و یومِ دعا” کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔ علما کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ "سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر مبارک باد کے مستحق ہیں، جنہوں نے امت مسلمہ کے اتحاد اور حرمین شریفین کے دفاع کی نئی بنیاد رکھی ہے۔”
انہوں نے افواجِ پاکستان کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ اس بات کا اعلان ہے کہ اب ارضِ حرمین شریفین کے دفاع میں پاکستان پوری قوت کے ساتھ شریک ہو گا۔ یاد رہے کہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدہ 17 ستمبر 2025 کو ریاض میں طے پایا جس کے تحت اگر کسی ایک ملک پر جارحیت ہوتی ہے تو اُسے دونوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
مشترکہ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان آٹھ دہائیوں پر محیط دوستی، دفاعی تعاون اور اسلامی اخوت کی طویل تاریخ ہے، جسے اب باضابطہ طور پر دفاعی شراکت داری میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ معاہدے میں انٹیلی جنس شیئرنگ، دفاعی تربیت، مشترکہ مشقیں اور دفاعی صنعتوں میں تعاون شامل ہے، جو نہ صرف خطے میں امن و استحکام کی ضمانت بنے گا بلکہ امتِ مسلمہ کے دفاعی اتحاد کی بھی مثال قائم کرے گا۔
ریاض میں معاہدے پر دستخط کی تقریب میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ہمراہ اہم حکومتی و عسکری شخصیات شریک تھیں، جن میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بھی شامل تھے۔ اس موقع پر دو طرفہ تعلقات، معاشی تعاون اور عالمی امور پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔
