سرگودھا :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ایک وقت تھا جب پاکستان کے ہی ایک وزیراعظم کو غیر ذمہ دارانہ حرکتوں پر جہاز سے اتار دیا گیا تھا، مگر آج حالات بدل چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا طیارہ جیسے ہی سعودی فضائی حدود میں داخل ہوا تو سعودی جنگی طیاروں نے انہیں سلامی دی، جو پاکستان کی عظمت اور وقار کی پہچان ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ یہ اعزاز کسی ایک رہنما کے لیے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے لیے ہے۔ سعودی قیادت نے پوری دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان پر حملہ دراصل سعودی عرب پر حملہ سمجھا جائے گا۔ انہوں نے اس پیش رفت کو ایک عظیم دفاعی کامیابی اور حرمین شریفین کی پاسبانی کو پاکستان کی سب سے بڑی سفارتی اور تاریخی فتح قرار دیا۔
الیکٹرک بس سروس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ شخص آج بھی یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ پاکستان کہاں سے کہاں پہنچ چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو ماضی میں کمزور دکھانے کی کوشش کی گئی مگر سعودی عرب میں ملنے والی عزت نے تمام سازشوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے سرگودھا کے عوام کے لیے 33 الیکٹرک بسوں کا افتتاح کیا اور اعلان کیا کہ پورے شہر کے لیے 60 جبکہ سرگودھا ڈویژن کے لیے مجموعی طور پر 105 جدید، آرام دہ اور ماحول دوست بسیں فراہم کی جائیں گی۔ ان بسوں کو انہوں نے عوام کے لیے ’’تحفہ‘‘ قرار دیا، جو شہریوں کو معیاری اور سہل سفری سہولتیں فراہم کریں گی۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ یہ تشویشناک بات ہے کہ پورے سرگودھا ڈویژن میں دل کے امراض کے علاج کے لیے کوئی اسپتال موجود نہیں۔ اس مقصد کے لیے نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیولوجی پر باقاعدہ کام شروع کردیا گیا ہے، جس سے لاکھوں مریضوں کو فیصل آباد یا دیگر شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے حالیہ بدترین سیلاب کے حوالے سے بتایا کہ تین بڑے دریاؤں کے پانی نے 27 شہروں اور 5 ہزار سے زائد دیہات کو متاثر کیا۔ تاہم حکومت کی بروقت حکمتِ عملی کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔
ان کے مطابق 25 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، متاثرہ خاندانوں کو خیمے اور خوراک فراہم کی گئی جبکہ 22 لاکھ سے زائد مویشی بھی محفوظ کر لیے گئے
