اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان جلد ہی موجودہ معاشی مشکلات پر قابو پا لے گا، تاہم توانائی کے شعبے میں گردشی قرضوں کا مسئلہ اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس بحران پر قابو پانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے ہیں اور یہ کامیابی پوری ٹیم کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گردشی قرضوں نے نہ صرف توانائی کے شعبے کو متاثر کیا بلکہ قومی وسائل کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔ "یہ قرضہ مسلسل بڑھ رہا تھا اور وسائل کو نگل رہا تھا، لیکن حکومت نے اس چیلنج کو قبول کیا اور آج ہم اس کے اثرات کو کم کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز (نجی بجلی گھروں) کے ساتھ مذاکرات اور مسائل کے حل کے لیے وزیر توانائی کی سربراہی میں قائم ٹاسک فورس نے شاندار کام کیا۔ "یہ کریڈٹ حکومت کو جاتا ہے کہ اس نے بروقت اور مؤثر اقدامات کیے، جبکہ فیلڈ مارشل اور ٹیم کی کاوشیں بھی لائق تحسین ہیں۔”
شہباز شریف نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں ان کی آئی ایم ایف کے ایم ڈی سے ملاقات ہوئی جس میں پاکستان کی معاشی اصلاحات کو سراہا گیا۔ "ایم ڈی آئی ایم ایف نے ہماری کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے۔”
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اب اگلا مرحلہ کمپنیوں کی نجکاری اور توانائی کے نقصانات کے مکمل ازالے کا ہے۔ "اگر ہم محنت اور لگن سے کام کریں گے تو کامیابی ہمارے قدم چومے گی، اور پاکستان ان شاءاللہ جلد تمام مشکلات سے نکل آئے گا
