اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے غزہ کے لیے امدادی سامان لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے اور پاکستانی شہریوں کی گرفتاری کے بعد ایک بھرپور مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپنے شہریوں کی فوری رہائی اور بحفاظت وطن واپسی کے لیے ہر سطح پر مؤثر اقدامات کرے گی۔
وزیر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں فلوٹیلا مشن میں پاکستانی وفد کی شرکت کو "قابلِ فخر اور انسانیت نواز اقدام” قرار دیتے ہوئے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان اور دیگر گرفتار پاکستانیوں کے لیے عالمی برادری سے فوری انصاف کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ مشتاق احمد خان، مظہر سعید شاہ، وہاج احمد، ڈاکٹر اسامہ ریاض، اسماعیل خان، سید عزیز نظامی اور فہد اشتیاق سمیت تمام پاکستانی شہریوں نے جرأت، انسان دوستی اور امن پسندی کی شاندار مثال قائم کی۔
وزیر اعظم کے مطابق، یہ اقدام پاکستانی عوام کی امن پسندی، انصاف کے لیے جدوجہد اور مظلوموں کی مدد کے جذبے کی نمائندگی کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ انسانی جان کے احترام، محفوظ رسائی اور بلا تعطل امداد کے اصولوں کی حمایت کرتا رہا ہے اور کرے گا۔
دوسری جانب، سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی اہلیہ نے اپنے شوہر کی فوری رہائی کے لیے حکومتِ پاکستان سے عملی اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک خاندان کا دکھ نہیں بلکہ پوری قوم کا امتحان ہے۔”
وزیر اعظم نے واضح کیا کہ حکومت نہ صرف اپنے شہریوں کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے سرگرم عمل ہے بلکہ ان کی سلامتی اور وقار کے تحفظ کے لیے بھی ہر فورم پر آواز بلند کرے گی
