اسلام آباد: رابطہ عالمِ اسلامی کے سیکرٹری جنرل اور سربراہ، فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی گزشتہ شب شام اسلام آباد پہنچے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
استقبال کرنے والوں میں پاکستان کے ممتاز علمائے کرام، وزارتی شخصیات اور پارلیمانی نمائندگان شامل تھے، جنہوں نے ڈاکٹر العیسی کے دورۂ پاکستان کو ایک تاریخی موقع قرار دیا۔
ڈاکٹر العیسی اپنے اس اہم دورۂ پاکستان کے دوران متعدد سرکاری، فکری اور مذہبی ملاقاتیں کریں گے۔ ان میں پارلیمنٹ، سینیٹ اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے اعلیٰ حکام سے خصوصی ملاقاتیں اور خطابات شامل ہیں۔
ان ملاقاتوں کا بنیادی مقصد امتِ مسلمہ کے اتحاد، فکری ہم آہنگی، بین المذاہب رواداری، اور دہشت گردی و انتہاپسندی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کو فروغ دینا ہے۔
دورے کے دوران ڈاکٹر محمد العیسی “الملتقى الثاني لعلماء باكستان” کا افتتاح بھی کریں گے، جس کا موضوع ہے
تنسيق المواقف ووحدة الكلمة یعنی موقف میں ہم آہنگی اور کلمے کی وحدت ۔
اس اجلاس میں پاکستان بھر کے ممتاز علما، دینی اسکالرز، اور فکری رہنما شرکت کریں گے تاکہ اسلامی اتحاد اور فکری استحکام کے فروغ پر غور و خوض کیا جا سکے۔
ڈاکٹر العیسی کا شمار ان عالمی شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے بین المذاہب مکالمے، رواداری اور اتحادِ امت کے پیغام کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کیا ہے۔ ان کا یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے روحانی و فکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں
Add A Comment