اسلام آباد میں ایک اہم اور تاریخی موقع پر پاکستان وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر، خادمِ حرمین الشریفین کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور وفاقی وزراء نے جیو سائنس ایڈوانسڈ ریسرچ لیبارٹریز کے افتتاح کی تقریب میں شرکت کی۔
یہ جدید تحقیقی مرکز پاکستان میں سائنسی تحقیق اور قدرتی وسائل کی دریافت کے نئے دور کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔ افتتاحی تقریب میں اعلیٰ سول و عسکری قیادت، سعودی سفارتی وفد اور ماہرینِ ارضیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے ہوئے سائنسی، تکنیکی اور ترقیاتی تعلقات کا عملی ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لیبارٹری نہ صرف پاکستان کے معدنی وسائل کے مؤثر استعمال میں مدد دے گی بلکہ نوجوان سائنس دانوں کو عالمی معیار کی تحقیق کے مواقع فراہم کرے گی۔
تقریب میں آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس منصوبے کو قومی ترقی کا سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس قدرتی وسائل کی کوئی کمی نہیں، ضرورت صرف جدید تحقیق اور مؤثر استعمال کی ہے۔
سعودی سفیر نواف المالکی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ ترقی کے ہر شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہے، اور یہ منصوبہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دوستی اور اعتماد کا ایک نیا باب ہے۔
تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی نے جدید ترین آلات سے مزین لیبارٹری کمپلیکس کا معائنہ کیا اور پاکستان کے نوجوان سائنس دانوں کی صلاحیتوں کو سراہا۔
ماہرین کے مطابق، یہ لیبارٹری مستقبل میں معدنی تحقیق، ارضیاتی سروے، اور توانائی کے متبادل ذرائع کی تلاش میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
