پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی نےکورکمانڈر پشاورلیفٹیننٹ جنرل عمراحمد بخاری سے ایک اہم ون آن ون ملاقات کی، جس میں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال، دہشت گردی کے خطرات اور امن و امان کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق یہ ملاقات کرٹیسی کال کی نوعیت کی تھی اور اس میں کوئی دوسرا اعلیٰ اہلکار موجود نہیں تھا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ ملاقات امن جرگہ سے قبل ہوئی، اور صوبائی سیکیورٹی انتظامات، دہشت گردی کی روک تھام اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے بھی عہدہ سنبھالنے کے بعد کابینہ کے ہمراہ کور کمانڈر سے ملاقات کی تھی، تاہم نومنتخب وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے براہِ راست سیکیورٹی معاملات پر بات چیت کے لیے ون ٹو ون ملاقات کو ترجیح دی۔
ملاقات کا مقصد صوبے میں سیکیورٹی انتظامات کومزیدمضبوط بنانا،دہشت گردی کے خطرات کا بروقت جائزہ لینا اور مقامی امن و امان کے لیے اعلیٰ سطحی رابطے قائم کرنا تھا۔
ملاقات میں سیکیورٹی فورسز کے تعاون بڑھانے کے طریقے، بروقت اطلاعات اور ردِعمل کی صلاحیت پر بھی بات کی گئی۔ کور کمانڈر نے صوبائی سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا اور مستقبل میں مشترکہ اقدامات کے ذریعے دہشت گردی کے خطرات کو کم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ ملاقات صوبے کی سیکیورٹی کو مزید مستحکم بنانے اور امن و امان قائم رکھنے میں اعلیٰ سطحی رابطوں کی اہمیت کو واضح کرتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے اجلاس نہ صرف فوری خطرات کا تجزیہ کرنے میں مدد دیتے ہیں بلکہ مستقبل کے لیے مؤثر حکمت عملی تیار کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔
