اسلام آباد : پاکستان سے متعلق بھارتی میڈیا کے گمراہ کن دعوؤں کا ایک اور پول کھل گیا۔ وزارتِ اطلاعات و نشریات نے بھارتی چینل "ریپبلک ٹی وی” کے جھوٹے پروپیگنڈے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان نے اسرائیل کو نہ کبھی تسلیم کیا ہے اور نہ ہی کسی فوجی تعاون پر غور کیا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا نے ایک بارپھر بےبنیاد اورمن گھڑت دعوے کرتےہوئے کہاتھا کہ پاکستان مبینہ طور پر مغربی ممالک اوراسرائیل کی نگرانی میں 20 ہزارفوجی غزہ بھیجنے کی تیاری کررہا ہے۔اس کےساتھ یہ مضحکہ خیز الزام بھی عائد کیا گیا کہ پاکستان نے اپنے پاسپورٹ سے اسرائیل کے لیے ناقابلِ استعمال کی شق ختم کر دی ہے۔
تاہم وزارتِ اطلاعات نے حقائق واضح کرتے ہوئے کہا کہ یہ دعوے سراسر جھوٹ، پروپیگنڈے اور نفرت انگیز مہم کا حصہ ہیں۔ وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ پر اب بھی یہ واضح طور پر درج ہے کہ یہ پاسپورٹ اسرائیل کے علاوہ تمام ممالک کے لیے قابلِ استعمال ہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے بھی تصدیق کی ہے کہ اس شق میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی۔
وزارتِ اطلاعات نے بھارتی چینل کے پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مؤقف واضح، دو ٹوک اور اصولی ہےپاکستان نے اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کیا اور ہمیشہ فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت کی حمایت کی ہے۔
حکومتی ترجمان کے مطابق بھارت کا گودی میڈیا جھوٹ پر مبنی خبریں گھڑ کر پاکستان کے خلاف زہریلا بیانیہ پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔ وزارتِ اطلاعات نے خبردار کیا کہ اس طرح کی من گھڑت مہمات سے نہ صرف صحافتی اصول پامال ہوتے ہیں بلکہ خطے میں کشیدگی کو بھی ہوا ملتی ہے۔
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کا مؤقف فلسطین کے حق میں ہمیشہ غیر متزلزل رہا ہے، اور بھارتی میڈیا کی یہ کوششیں دراصل اندرونی سیاسی بحران اور عالمی سطح پر تنہائی کو چھپانے کی ناکام کوشش ہیں۔
