راولپنڈی کے علامہ اقبال پارک میں پاکستان کا 10 واں قومی زیتون میلہ شاندار انداز میں منعقد ہوا، جس میں ملک بھر سے 120 سے زائد سٹالز لگائے گئے۔ میلے میں نہ صرف مقامی افراد بلکہ غیر ملکی شہریوں نے بھی بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا، جس سے اس ایونٹ کی بین الاقوامی کشش عیاں ہوئی۔
اولیو فاؤنڈیشن پاکستان کے ایگزیکٹیو ممبر خواجہ مظہر نے بتایا کہ 10 سال قبل پہلے ایونٹ میں صرف 40 افراد نے شرکت کی تھی، لیکن اب یہ تعداد حیران کن حد تک بڑھ کر تقریباً 40 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
میلے میں زیتون کے مختلف اقسام، زیتون کے تیل، کھانے پینے کی مصنوعات اور آرٹ و کرافٹ کی نمائش کی گئی، جس سے شرکاء کو نہ صرف خریداری کا موقع ملا بلکہ زیتون کی اہمیت اور استعمالات کے بارے میں آگاہی بھی فراہم ہوئی۔
ثقافتی پروگرامز، موسیقی اور تفریحی سرگرمیوں نے میلے کی رونق میں اضافہ کیا اور ملکی زیتون کی صنعت کے فروغ میں عوامی دلچسپی کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر منتظمین نے کہا کہ میلہ نہ صرف زیتون کی صنعت بلکہ مقامی کاروباری اداروں اور ثقافتی تبادلوں کے فروغ میں بھی ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
