اسلام آباد:اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے حکومت کے خلاف جمعے سے ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ اعلان انہوں نے اسلام آباد میں اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اپوزیشن 27ویں آئینی ترمیم اور دیگر حکومتی فیصلوں کو عوامی مینڈیٹ کے خلاف سمجھتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت مذاکرات چاہتی ہے تو اپوزیشن تیار ہے، مگر مذاکرات صرف مینڈیٹ کی واپسی کے نکتے پر ہوں گے۔
گزشتہ روز قومی اسمبلی میں حکومت نے 27ویں آئینی ترمیم کا بل دو تہائی اکثریت سے منظور کرلیا،بل کے مطابق، کچھ اختیارات کی ازسرِ نو تقسیم اور وفاقی ڈھانچے میں تبدیلیاں شامل ہیں،ترمیم کا نیا متن آج سینیٹ میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔اپوزیشن اتحاد کا کہنا ہے کہ حکومت نے یہ ترمیم عوامی مشاورت کے بغیر منظور کرائی ہے، جو جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔
رہنماؤں نے اعلان کیا کہ ملک بھر میں جلسے، ریلیاں اور احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے تاکہ عوامی دباؤ بڑھایا جا سکاحکومتی ذرائع کے مطابق، 27ویں آئینی ترمیم کا مقصد اداروں میں توازن پیدا کرنا اور انتظامی ڈھانچے کو مؤثر بنانا ہے۔حکومت کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کا احتجاج سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے سوا کچھ نہیں۔
