راولپنڈی :جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کے اعزاز میں منعقد ہونے والی الوداعی ملاقات ملک کی عسکری تاریخ کا ایک اہم لمحہ ثابت ہوئی، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا بلکہ قومی دفاع میں ان کے نمایاں کردار کو ’سنہری باب‘ قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی قیادت، حکمت، بصیرت اور عہدِ حاضر کی تقاضوں کے مطابق فوجی سفارتکاری کو نئی جہت دینے پر انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ:
> "تینوں مسلح افواج میں ہم آہنگی، مشترکہ حکمت عملی اور جائنٹ آپریشنل تیاری کو مضبوط بنانے میں جنرل ساحر شمشاد مرزا کا کردار مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔”
فیلڈ مارشل نے مزید کہا کہ جنرل ساحر نے نہ صرف قومی سلامتی کے بڑے اہداف حاصل کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا بلکہ علاقائی استحکام، عسکری اتحاد اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کرنے میں بھی نمایاں خدمات سرانجام دیں۔
ملاقات کے دوران جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بھی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت، بھروسے اور مکمل تعاون پر اظہارِ تشکر کیا اور کہا کہ افواجِ پاکستان کی یکجہتی اور قومی دفاع کے لیے کام کرنا ان کے لیے باعث فخر رہا۔
تقریب کے اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور جنرل ساحر شمشاد مرزا نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور مادرِ وطن کی خاطر جان نچھاور کرنے والے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
