راولپنڈی: اڈیالہ جیل انتظامیہ نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی صحت اور ممکنہ منتقلی سے متعلق گردش کرتی افواہوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم جیل میں مکمل طور پر صحت مند ہیں اور ان کی دیکھ بھال میں کوئی کوتاہی نہیں کی جا رہی۔
جیل حکام کے مطابق سوشل میڈیا پر چلنے والی یہ افواہیں کہ عمران خان کو اڈیالہ سے کسی اور مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے، مکمل طور پر بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں۔ حکام نے واضح کیا کہ عمران خان نہ صرف اڈیالہ جیل میں موجود ہیں بلکہ ان کی صحت کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر میڈیکل چیک اپ اور تمام ضروری سہولتیں بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق پھیلائی جانے والی من گھڑت رپورٹس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ جیل حکام نے مزید کہا کہ عمران خان کو جیل میں میسر تمام قانونی اور طبی سہولتوں کا باقاعدگی سے خیال رکھا جاتا ہے اور وہ اپنی روٹین کے مطابق وقت گزار رہے ہیں۔
حکام نے عوام اور میڈیا سے اپیل کی کہ غیر تصدیق شدہ معلومات کے بجائے اڈیالہ انتظامیہ کے مصدقہ مؤقف پر ہی اعتماد کیا جائے، کیونکہ افواہیں بلاوجہ بے چینی اور غلط فہمیوں کا باعث بنتی ہیں۔
