اسلام آباد: فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ترکیہ کے وزیر توانائی سے اہم ملاقات کی، جس میں پاک-ترکی تعلقات، توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا اور خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ ترقی کے لیے تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا عزم دہرایا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ، برادرانہ اور تاریخی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے عالمی فورمز پر پاکستان کی حمایت کرنے پر ترکیہ کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ترکیہ کی بھرپور سفارتی حمایت پاکستان کے لیے قابلِ قدر ہے۔
ترکیہ کے وزیر توانائی نے توانائی کے شعبے میں باہمی تعاون کو بڑھانے کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ ترکیہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور تکنیکی اشتراک کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے پاکستان کی علاقائی امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے جاری کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ترکیہ ہمیشہ پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے۔
ملاقات میں توانائی کے شعبے میں نئے مواقع، ٹیکنالوجی کے تبادلے، سرمایہ کاری کے امکانات اور اسٹریٹجک روابط کو مزید مستحکم کرنے پر بھی بات چیت ہوئی۔ دونوں جانب سے امید ظاہر کی گئی کہ مستقبل قریب میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعاون مزید فروغ پائے گا اور مختلف شعبوں میں مشترکہ اقدامات خطے میں ترقی اور استحکام کا سبب بنیں گے۔
