پاکستانی مارکیٹرز، کاروباری افراد اور فری لانسرز کے لیے بڑی خوشخبری! عالمی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے پاکستان کے لیے بالآخر اپنا مکمل مقامی ایڈز مینیجر لانچ کر دیا ہے، جس کے بعد پہلی مرتبہ پاکستانی صارفین براہِ راست اپنے ملک سے اشتہاری مہمات چلا سکیں گے۔
اس اہم پیش رفت سے پہلے مارکیٹرز کو اشتہارات چلانے کے لیے غیر ملکی اکاؤنٹس، بین الاقوامی ایجنسیوں یا مہنگی فیسوں پر انحصار کرنا پڑتا تھا، جس سے شفافیت، کنٹرول اور بجٹ پر دباؤ بڑھ جاتا تھا۔ لیکن اب ٹک ٹاک کے نئے Ads Manager نے پاکستانی مارکیٹ کے لیے ایک نیا دروازہ کھول دیا ہے ایسا دروازہ جو نہ صرف لاگت کم کرے گا بلکہ کاروباروں کو اپنی ٹارگٹ آڈیئنس تک زیادہ مؤثر طریقے سے پہنچنے کے قابل بنائے گا۔
نئی سہولت کے تحت صارفین اب پاکستانی ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کے ذریعے بلکل آسانی کے ساتھ ادائیگیاں کر سکیں گے۔ اس سے نہ صرف ادائیگی کا عمل شفاف ہوگا بلکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار بھی محدود بجٹ کے ساتھ مؤثر اشتہاری مہمات چلا سکیں گے۔
ٹک ٹاک Ads Manager اب پاکستانی بزنسز کو یہ سہولت بھی دیتا ہے کہ وہ اپنے اشتہارات کو اردو، پنجابی، پشتو اور دیگر مقامی زبانوں میں تیار کریں، جس سے مقامی سامعین تک اثر انگیزی بڑھ جائے گی۔ ماہرین کے مطابق نئی سہولت ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے شعبے میں انقلاب لانے والی ہے، خصوصاً ان نوجوان فری لانسرز کے لیے جو خود مختار طور پر ایڈ کمپین چلانا چاہتے ہیں۔
ٹک ٹاک نے واضح کیا ہے کہ اشتہارات دیتے وقت کمیونٹی گائیڈ لائنز پر مکمل عمل ضروری ہے، تاکہ مہمات بنا کسی رکاوٹ کے مسلسل جاری رہ سکیں۔ اس اقدام سے نہ صرف مارکیٹنگ انڈسٹری میں مقابلے کی فضا بہتر ہوگی بلکہ مقامی کاروباروں کو نئی منڈیوں تک رسائی بھی حاصل ہوگی۔
ماہرین اسے پاکستان کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے لیے ایک بڑے سنگِ میل کے طور پر دیکھ رہے ہیں، جو فری لانسرز، آن لائن اسٹورز، کارپوریٹ اداروں اور اسٹارٹ اپس کے لیے نئی راہیں کھول دے گا۔
