اسلام آباد:متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان کل (جمعہ) پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ یہ دورہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی خصوصی دعوت پر ہو رہا ہے، جسے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان گہرے، دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کے تناظر میں نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اماراتی صدر کے اس دورے کے دوران اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کا ایک جامع شیڈول ترتیب دیا گیا ہے۔ شیخ محمد بن زاید النہیان صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
ملاقاتوں میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین سیاسی، معاشی، تجارتی، سرمایہ کاری اور دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے پر گفتگو کی جائے گی، جبکہ علاقائی اور عالمی امور، بالخصوص مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا کی بدلتی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر پیش رفت کا بھی امکان ہے۔
اماراتی صدر کے دورے کے پیش نظر سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ وفاقی حکومت نے اس موقع پر کل بروز جمعہ اسلام آباد میں عام تعطیل کا اعلان بھی کر دیا ہے، تاکہ دورے کو احسن طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان کو اقتصادی استحکام اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے، اور متحدہ عرب امارات پہلے ہی پاکستان کا ایک اہم اقتصادی اور سفارتی شراکت دار ہے۔
