بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 149واں یومِ پیدائش، ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے
بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 149واں یومِ پیدائش آج ملک بھر میں انتہائی عقیدت، احترام اور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں سمیت مختلف شہروں میں خصوصی تقریبات، سیمینارز اور دعائیہ اجتماعات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
یومِ پیدائش کی مرکزی تقریب مزارِ قائد کراچی میں منعقد ہوئی، جہاں گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے بابائے قوم کو سلامی پیش کی اور مزارِ قائد پر فاتحہ خوانی کی گئی۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے مستعد اور منظم دستے نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی میجر جنرل افتخار حسن چودھری، ہلالِ امتیاز (ملٹری) تھے، جنہوں نے بابائے قوم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے موقع پر ملک بھر میں سیمینارز، کانفرنسز، تقاریر اور تعلیمی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد اور خود مختار ریاست کے قیام کی جدوجہد پر انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
تقریبات کے مقررین نے کہا کہ قائداعظم نے اپنی بے مثال قیادت، سیاسی بصیرت اور اصولی مؤقف کے ذریعے آزادی کا خواب حقیقت میں بدلا۔ ایمان، اتحاد اور تنظیم کے سنہری اصول قائداعظم کی زندگی اور جدوجہد کا نچوڑ ہیں، جو آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔
