سعودی سیکورٹی فورسز نے 19 سے 25 دسمبر کے دوران مشترکہ مہمات کے ذریعے مملکت کے مختلف علاقوں سے 23,194 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق یہ گرفتاریاں اقامہ، بارڈر سیکیورٹی، اور لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر کی گئیں۔
گرفتار افراد کی تفصیلات:
•اقامہ قوانین کی خلاف ورزی: 13,083 افراد
•بارڈر سیکیورٹی قوانین کی خلاف ورزی: 6,210 افراد
•لیبر قوانین کی خلاف ورزی: 3,901 افراد
مزید یہ کہ 1,536 افراد غیر قانونی طور پر مملکت میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑے گئے۔ ان میں سے 41 فیصد یمنی، 57 فیصد ایتھوپین، اور 2 فیصد دیگر قومیتوں سے تعلق رکھتے تھے۔ 57 افراد ملک سے غیر قانونی طور پر نکلنے کی کوشش میں گرفتار ہوئے۔
•غیر قانونی کاموں میں ملوث افراد:
حکام نے 23 ایسے افراد کو بھی گرفتار کیا ہے جو غیر قانونی رہائشیوں کو ٹرانسپورٹ، رہائش یا ملازمت فراہم کر رہے تھے۔
•قانونی کارروائیاں:
اس وقت 31,139 غیر ملکی (28,605 مرد اور 2,534 خواتین) مختلف مراحل میں قانونی کارروائی کا سامنا کر رہے ہیں۔
•سفارت خانوں کے حوالے: 21,843 افراد
•سفری بکنگ مکمل کرنے میں مدد: 4,025 افراد
•ملک بدر کیے گئے افراد: 9,904 افراد
وزارت داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ جو افراد غیر قانونی رہائشیوں کو داخلے میں مدد دیتے ہیں، انہیں ٹرانسپورٹ یا رہائش فراہم کرتے ہیں، یا کسی اور قسم کی سہولت دیتے ہیں، انہیں 15 سال تک قید، 10 لاکھ ریال جرمانے، اور جائیداد یا گاڑی کی ضبطگی کی سزا دی جا سکتی ہے۔
عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع دینے کے لیے مکہ، ریاض، اور مشرقی علاقوں میں 911 پر اور باقی علاقوں میں 999 یا 996 پر رابطہ کریں۔