شاہ سلمان پارک کا منصوبہ ریاض کے ان چار بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے جو شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خود شروع کیے۔ منگل 12 رجب 1440 ہجری بمطابق 19 مارچ 2019 عیسوی کو، ان کے حکم پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے اس منصوبے پر کام شروع کروایا تھا۔
اس منصوبے کا مقصد ریاض شہر کے رہائشیوں اور زائرین کو کھیلوں کے متنوع، ثقافتی، فنکارانہ اور تفریحی مواقع فراہم کرنے اور معیار زندگی کو بہتر بنانے میں تعاون کرنا ہے۔ یہ ایک متحرک اور صحت مند معاشرے کے لیے سعودی ویژن 2030 کے اہداف کے مطابق، عالمی سطح پر ریاض کی درجہ بندی کو بہتر بنانے کی ایک کوشش ہے۔
دنیا کا سب سے بڑا پارک
کنگ سلمان پارک 16 مربع کلومیٹر سے زیادہ کے رقبے پر بنایا جا رہا ہے۔ یہ دنیا کا سب سے بڑا سٹی پارک ہے۔ یہ پارک شہر کے رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے وسیع پیمانے پر معیاری مواقع اور سرگرمیاں پیش کرے گا۔ اس میں دس لاکھ سے زیادہ درخت اور ہریالی کی چیزیں لگائی جا رہی ہیں۔
کشادہ چوراہے، رائل کمپلیکس، نیشنل تھیٹر، 7.2 کلومیٹر کے پیدل چلنے والے راستوں کے سرکلز، پارک کے وسط میں "واڑی یا زرعی جنگل” کا علاقہ۔ پانی کی وسیع آبشاریں، یادگاریں اور فنکارانہ شبیہیں اس پارک کا لازمی جزو ہیں۔ پارک کے ایریے میں پودوں کا احاطہ بڑھا کر، سبز جگہوں کو وسعت دی جا رہی ہے جس سے ماحول اور آب و ہوا کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
پارک کے لیے مختص مقام کی اہمیت
شاہ سلمان پارک ریاض شہر کی متعدد اہم سڑکوں اور شریانوں سے ملا ہوا ہے، مزید یہ کہ ریاض میٹرو ٹرین کے پانچ نزدیکی اسٹیشنوں، شاہ عبدالعزیز پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم اور ریاض بس نیٹ ورک کے دس اسٹیشنز کے ذریعے اس تک پہنچنا نہایت آسان ہے۔
کنگ سلمان پارک ریاض کے ماحولیاتی عناصر
سبز علاقوں اور 9.3 ملین مربع میٹر سے زیادہ کھلی جگہوں پر ایک وسیع و عریض اسلامی طرز کا باغ، دیگر بہت سارے عمودی باغات، زرعی پگڈنڈیوں کا الگ باغ، پرندوں اور تتلی کی الگ الگ پناہ گاہ شامل ہیں۔ 400 ہزار مربع میٹر کے رقبے کے ساتھ مختلف پھلوں اور سبزیوں کے باغات، ان کے گرد 2۔7 کلومیٹر کا پیدل واک کرنے کا سرکل ٹریک، بے حد وحساب ہریالی اور سبزے کی انتظامات۔
رائل کمپلیکس آف آرٹس
یہ کمپلیکس 400 ہزار مربع میٹر سے زیادہ کے رقبے پر مشتمل ہوگا، اس میں یہ چیزیں شامل ہوں گی: نیشنل تھیٹر جو 2500 نشستوں کی گنجائش پر مشتمل ہوگا۔ مختلف سائز کے 5 بند تھیٹر۔ ایک آؤٹ ڈور تھیٹر جو 8,000 ناظرین کو ایڈجسٹ کرے گا۔ ایک سنیما کمپلیکس جس میں 3 ہال شامل ہوں گے۔ فنون لطیفہ کی 4 منفرد اکیڈمیاں۔ ایک تعلیمی مرکز جس کا تعلق بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ابھارنے سے ہوگا۔
پارک میں ثقافتی سرگرمیوں کے مقامات
پارک میں مختلف میوزیم بنائے جا رہے ہیں، ایوی ایشن میوزیم، فلکیات اور خلائی میوزیم، بوٹینیکل میوزیم، آرکیٹیکچر میوزیم، اور ورچوئل رئیلٹی میوزیم۔ مختلف جشنوں کے بڑے اسکوائرز جو 40,000 مربع میٹر کے رقبے پر پھیلے ہوئے ہوں گے۔ جبکہ فنکارانہ علامات کی جگہیں اور شبیہیں بھی اس میں شامل ہوں گی۔
کھیل اور تفریحی سہولیات
پارک میں رائل گالف کورس 850 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر محیط ہوگا۔ 50 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر ایک اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا جا رہا ہے۔ لکی ایرانی سرکس ٹائپ کرتبوں پر متشمل کھیلوں کے مختلف بڑے میدان۔ اسکائی ڈائیونگ اور بیلون سینٹر۔ گھڑ سواری کا مرکز۔ طویل جاگنگ اور سائیکلنگ کے الگ الگ راستے۔
پارک میں وسیع تفریحی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ ایک تفریحی علاقہ جو 100,000 مربع میٹر کے رقبے پر بنایا گیا ہے جبکہ دوسرا 140,000 مربع میٹر کے رقبے پر بڑا واٹر پارک زیر تعمیر ہے، خاندانی تفریحی مرکز، اور ایک بڑا ٹاور اور میدان دیکھنے کا ایک بڑا پل بھی پارک میں زیر تعمیر ہے۔
پارک کا وزیٹر سینٹر
یہ وزیٹر سینٹر ایک ماحولیاتی اور ثقافتی تعارف کا مرکز ہوگا جو 80,000 مربع میٹر کے رقبے پر واقع ہوگا۔ اس میں پارک کے باغات کے متعلق انٹرایکٹو نمائشیں، کثیر المقاصد ہالز، درختوں اور پودوں کی نرسریوں کے لیے مختص علاقے، کھلی جگہیں، صحن، اور کھانے پینے کی اشیاء کی بڑی دکانیں شامل ہوں گی۔
رہائشی اور ہوٹلز کی سہولیات
پارک میں رہائشی عمارتوں کے احاطے میں 12,000 متنوع ہاؤسنگ یونٹ مہیا کیے گئے ہیں۔ جبکہ 2300 ہوٹلز کے لیے الگ یونٹ فراہم کیے گئے ہیں۔ ریسٹورینٹس، کیفے اور ریٹیل سیکٹرز کے لیے کمرشل جگہیں اور 500 ہزار مربع میٹر کا ایریا مختص کیا گیا ہے۔ پارک کے آفس کی بلڈنگ اور کمپلیکس کے لیے 600 ہزار مربع میٹر جگہ رکھی گئی ہے۔
عوامی سہولیات اور خدمات
مساجد، سیکورٹی، اسپتال، تعلیمی اور سماجی مراکز، پبلک لائبریریاں، پارکنگ کی عمارتیں جن کا کل رقبہ 280,000 مربع میٹر ہے، پارک کے اطراف اور درمیان میں مرکزی اور مقامی سڑکیں بنائی جا رہی ہیں اور پیدل چلنے کے راستے رکھے گئے ہیں۔ کنگ سلمان پارک ریاض، اپنی نوعیت کا سب سے منفرد اور دنیا کا سب سے بڑا پارک ہوگا۔