سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے جنرل ڈیپارٹمنٹ برائے کمیونٹی سیکیورٹی اور انسداد انسانی اسمگلنگ جرائم کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
یہ نیا ادارہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پبلک سیکیورٹی سے منسلک ہوگا اور اس کا بنیادی مقصد سعودی معاشرے میں سلامتی اور تحفظ کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
اس محکمے کا قیام ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کی ہدایات پر عمل درآمد کا حصہ ہے، جو مجموعی طور پر سیکیورٹی نظام کی بہتری اور خاص طور پر جرائم کے خلاف لڑنے کی حکمت عملی کو مزید مؤثر بنانے پر زور دے رہے ہیں۔
ان کی ہدایت کے مطابق، سیکیورٹی اداروں کو مزید ترقی دی جائے گی تاکہ وہ جدید اور پیچیدہ چیلنجز سے نمٹنے کے قابل ہو سکیں۔
وزارت داخلہ کے مطابق، نیا محکمہ ان تمام جرائم سے نمٹنے کے لیے کام کرے گا جو شخصی حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہیں، بنیادی آزادیوں کو پامال کرتے ہیں، جو اسلامی شریعت اور بنیادی حکومتی قوانین میں درج ہیں، یا کسی بھی طرح افراد کی عزت و وقار کو مجروح کرتے ہیں۔
اس محکمہ کا مقصد ایسے جرائم کا خاتمہ کرنا اور انصاف کو فروغ دینا ہوگا تاکہ معاشرے میں امن و استحکام برقرار رکھا جا سکے۔
اپنے مقاصد کے حصول کے لیے، یہ محکمہ مقامی اور بین الاقوامی سطح پر متعلقہ حکام کے ساتھ قریبی تعاون کرے گا۔
اس کا ہدف مجرمانہ نیٹ ورکس کو ختم کرنا، ان کی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنا اور ایسے عوامل کی بیخ کنی کرنا ہے جو معاشرتی سلامتی کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔
وزارت داخلہ کے مطابق، ان کوششوں سے سعودی عرب میں ایک محفوظ اور پرامن ماحول کی تشکیل میں مدد ملے گی، جہاں ہر شہری اور رہائشی خود کو محفوظ محسوس کرے گا۔