سعودی عرب کے قدیم شہر العلا میں آج سے ایمرجنگ مارکیٹ اکانومیز کانفرنس کا آغاز ہو چکا ہے،جس میں دنیا بھر سے اقتصادی ماہرین اور اعلیٰ حکومتی شخصیات شریک ہو رہی ہیں۔
پاکستان کے وزیر خزانہ، محمد اورنگزیب، بھی اس کانفرنس میں خصوصی شرکت کر رہے ہیں، جہاں وہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کی میزبانی میں ہونے والے اعلیٰ سطحی پینل مباحثے کا حصہ بنیں گے۔
پاکستان کے وزیر خزانہ، اپنے سعودی ہم منصب محمد الجدان کی دعوت پر سعودی عرب پہنچے، جہاں وہ کانفرنس میں ملکی معیشت کے استحکام اور ترقی سے متعلق پالیسی اقدامات پر روشنی ڈالیں گے۔
یہ کانفرنس آئی ایم ایف اور سعودی وزارت خزانہ کے اشتراک سے منعقد ہو رہی ہے، جس میں 48 ممالک کے مندوبین کو مدعو کیا گیا ہے۔
اس اہم بین الاقوامی کانفرنس میں کل نو نشستیں ہوں گی، جن میں 200 سے زائد شرکاء اور 36 نامور مقررین مختلف اقتصادی موضوعات پر اظہار خیال کریں گے۔
اس کانفرنس کا بنیادی مقصد ابھرتی ہوئی معیشتوں اور ترقی پذیر ممالک کے خیالات کو یکجا کرنا اور عالمی اقتصادی استحکام کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرنا ہے۔
یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دنیا مختلف اقتصادی بحرانوں، تجارتی کشیدگی، جغرافیائی سیاست اور مالیاتی مشکلات کا سامنا کر رہی ہے۔
اس موقع پر عالمی رہنماؤں کو موجودہ مالی حالات، چیلنجز اور ممکنہ حل پر تبادلہ خیال کا موقع میسر آئے گا، جو عالمی اقتصادی پالیسیوں کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔
پاکستان کے وزیر خزانہ کی اس کانفرنس میں شرکت، ملکی معیشت میں ہونے والی مثبت تبدیلیوں اور اقتصادی استحکام کے تناظر میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
یہ کانفرنس ہر سال سعودی عرب میں منعقد کی جائے گی، تاکہ عالمی معیشت کو درپیش چیلنجز پر غور کیا جا سکے اور ترقی پذیر معیشتوں کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات کیے جا سکیں۔