سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے واشنگٹن میں امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر غور کیا۔
پینٹاگون پہنچنے پر شہزادہ خالد کا پر جوش استقبال کیا گیا، جہاں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور وفود نے ایک دوسرے کو خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر سعودی وزیر دفاع نے علاقائی اور عالمی سلامتی کے لیے دوطرفہ تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں امریکہ اور سعودی عرب کے درمیان قریبی روابط پہلے سے زیادہ ضروری ہیں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک مل کر خطے میں استحکام اور امن کو یقینی بنانے کے لیے کام کرتے رہیں گے۔
ملاقات میں سعودی سفیر برائے امریکہ شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان، سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض الرویلی، معاون وزیر دفاع برائے ایگزیکٹو امور ڈاکٹر خالد البیاری، یمن میں سعودی سفیر محمد الجابر اور وزیر دفاع کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل ہشام بن عبدالعزیز بن سیف بھی موجود تھے۔
امریکی وفد میں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے نائب چیئرمین جنرل کرسٹوفر گریڈی، بین الاقوامی سلامتی امور کی اسسٹنٹ سیکریٹری آف ڈیفنس کیتھرین تھامپسن، وزیر دفاع کے دفتر کے ڈائریکٹر جوزف کیسپر، اور انڈر سیکریٹری آف ڈیفنس برائے پالیسی الیگزینڈر شامل تھے۔
اپنے سرکاری دورے کے دوران، شہزادہ خالد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے امریکی وزیر دفاع سے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا اور امن و استحکام کو فروغ دینے کی کوششوں پر گفتگو کی۔
اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کرنا ہے۔