امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت، بصیرت اور عالمی سطح پر ان کے احترام کی تعریف کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان غیر معمولی وژن رکھتے ہیں اور دنیا بھر میں عزت کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس میں فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون کے استقبال کے موقع پر صدر ٹرمپ نے سعودی قیادت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان عالمی سطح پر امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
خاص طور پر یوکرین میں جنگ کے خاتمے کے لیے ان کی کوششیں قابل قدر ہیں۔
ٹرمپ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان کی ٹیم کا سعودی عرب کا حالیہ دورہ انتہائی کامیاب رہا، جہاں انہوں نے ولی عہد سے ملاقات کی، جنہیں انہوں نے ایک شاندار شخصیت کا حامل قرار دیا۔
دوسری جانب، امریکی وزارت خارجہ نے بھی سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا کہ اس نے واشنگٹن اور ماسکو کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کی۔
یہ بات چیت ریاض کے الدرعیہ پیلس میں منعقد ہوئی تھی، جس کا مقصد عالمی امن و استحکام کو فروغ دینا تھا۔
سعودی کابینہ نے بھی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں روس اور امریکہ کے درمیان ان مذاکرات کی میزبانی کا خیر مقدم کیا۔
کابینہ نے اس بات پر زور دیا کہ اس سفارتی پیش رفت سے دنیا میں امن و سلامتی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
امریکی صدر ٹرمپ نے سعودی عرب کے ساتھ اپنی قریبی دوستی کا ذکر کرتے ہوئے شاہ سلمان اور ولی عہد کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط قرار دیا۔
انہوں نے روس کے ساتھ مذاکرات کی میزبانی پر سعودی عرب اور شہزادہ محمد بن سلمان کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور انہیں ایک شاندار شخصیت قرار دیا۔