جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ پر جدید ای گیٹس کا افتتاح کردیا گیا، جس کا مقصد مسافروں کو خودکار امیگریشن کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
اس نظام کے تحت 70 ای گیٹس نصب کیے گئے ہیں، جو بغیر کسی انسانی مداخلت کے امیگریشن کی کارروائی مکمل کرنے میں مدد دیں گے۔
ڈپٹی گورنر مکہ ریجن شہزادہ سعود بن مشعل نے اس جدید سہولت کا افتتاح کیا۔
ای گیٹس کی تنصیب میں وزارت داخلہ کے امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ڈپارٹمنٹ اور سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اتھارٹی سدایا نے تعاون کیا ہے۔
اس تقریب میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے چیئرمین عبدالعزیز الدعیلج، سدایا کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عصام الوقیت، جوازات کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر بریگیڈیئر صالح المربع، ایئرپورٹس اتھارٹی کے سی ای او رائد الادریسی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
ای گیٹس جدید ترین سینسرز سے لیس ہیں، جو مسافروں کے چہرے اور پاسپورٹ کو اسکین کرکے ان کی معلومات مرکزی سسٹم میں منتقل کر دیتے ہیں۔
ایک گیٹ سے روزانہ 2500 افراد امیگریشن کی کارروائی مکمل کر سکتے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر روزانہ 1 لاکھ 75 ہزار مسافر اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔
یہ خودکار نظام امیگریشن کے عمل کو نہایت تیز اور مؤثر بناتا ہے، جس کے ذریعے مسافر منٹوں میں اپنی کارروائی مکمل کر سکتے ہیں، انہیں قطاروں میں لگنے یا تاخیر کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔