آج سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے الیمامہ پیلس، ریاض میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے سعودی گرینڈ مفتی شیخ عبدالعزیز آل الشیخ، شہزادوں، علمائے کرام، وزرا اور دیگر معزز شہریوں سے ملاقات کی۔
یہ ملاقات ماہِ رمضان کے بابرکت موقع پر خیرسگالی اور مبارکباد کے تبادلے کے لیے منعقد کی گئی تھی۔
تقریب میں شریک افراد نے ولی عہد محمد بن سلمان کو رمضان کی مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ولی عہد نے بھی تمام مہمانوں کو رمضان کی مبارکباد پیش کی اور اس مقدس مہینے میں روزوں، عبادات اور دعاؤں کی قبولیت کی دعا کی۔
اپنی گفتگو میں ولی عہد نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ اس بابرکت مہینے میں سعودی عرب اور پوری امت مسلمہ پر اپنی رحمتیں نازل کرے، اور مملکت کو مزید ترقی، امن و استحکام سے نوازے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی قیادت میں سعودی عرب ہمیشہ اپنی اسلامی اقدار پر قائم رہے گا اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے ایک مضبوط سہارا ثابت ہوگا۔
یہ تقریب رمضان المبارک کے روحانی ماحول میں محبت، بھائی چارے اور اسلامی روایات کی تجدید کے لیے ایک خوبصورت موقع ثابت ہوئی، جہاں حاضرین نے مملکت کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی اور ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب کی روشن مستقبل کی امیدوں کا اظہار کیا۔