سعودی عرب نے شام میں نئی عبوری حکومت کے قیام کو مثبت پیشرفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ حکومت اپنے عوام کی امنگوں پر پورا اترے گی۔ عرب نیوز کے مطابق، سعودی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب نئی حکومت کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے، دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں شراکت داری بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے شام میں امن، استحکام اور خوشحالی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے اس پیش رفت کو خطے کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ شامی صدر احمد الشرع نے ہفتے کے روز 23 رکنی کابینہ کے ساتھ ایک نئی عبوری حکومت کا اعلان کیا، جسے بشار الاسد کے خاندان کے طویل اقتدار کے خاتمے اور مغربی ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی جانب ایک بڑا قدم سمجھا جا رہا ہے۔
یہ پیش رفت خطے میں سفارتی توازن اور سیاسی منظرنامے میں بڑی تبدیلی کا اشارہ دے رہی ہے، جس پر عالمی برادری کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔