وزیراعظم پاکستان، شہباز شریف نے رواں سال پرائیویٹ حج کوٹے میں کمی پر سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے سعودی وزارت حج کی 2025 کےحج کی پالیسی کے بارے میں بروقت عمل درآمد نہیں کیا، جس کے نتیجے میں پاکستانی عازمین حج کو پرائیویٹ حج کوٹے میں کمی کا سامنا کرنا پڑا۔
شہباز شریف نے انکوائری کے لئے ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے، جس کے چیئرمین سیکرٹری کابینہ ڈویژن ہوں گے۔ کمیٹی میں چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور وفاقی سیکرٹری گلگت بلتستان بھی شامل ہیں۔
کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس بات کا جائزہ لے کہ سعودی وزارت حج کی پالیسی پر وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کیوں بروقت عمل درآمد نہیں کر سکی۔ اس کے علاوہ یہ بھی تحقیق کی جائے کہ سعودی وزارت حج سے پرائیویٹ حج کوٹہ حاصل کرنے میں تاخیر کیوں ہوئی۔
پرائیویٹ حج کوٹہ نہ ملنے کے باعث ہزاروں پاکستانی اس سال حج کی سعادت سے محروم رہ گئے۔ وزیراعظم نے کمیٹی کو تین دن کے اندر انکوائری مکمل کرنے اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کو اس انکوائری میں کمیٹی سے مکمل تعاون کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ معاملہ پاکستانی عوام کی مذہبی جذبات اور خواہشات کے لیے ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے اور اس پر مکمل شفافیت کے ساتھ انکوائری کی ضرورت ہے۔