ریاض/اسلام آباد : ان خوش نصیب پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری آ گئی ہے جو رواں سال حج کی رجسٹریشن سے محروم رہ گئے تھے۔سعودی عرب نے پاکستان کی خصوصی درخواست پر حج کوٹے میں 10 ہزار کا اضافہ کردیا ہے،جس کے بعد ہزاروں خواہشمند عازمین اب حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نےسعودی وزیر خارجہ سے خصوصی رابطہ کیا اور ان سے حج کوٹے میں اضافے کی درخواست کی۔ یہ درخواست اُن شہریوں کے لیے کی گئی تھی جو مقررہ تاریخ تک رجسٹریشن نہیں کر پائے تھے، مگر وہ بھرپور خواہش رکھتے تھے کہ اس سال خانہ کعبہ کا دیدار کریں اور مناسک حج ادا کریں۔وزارت اطلاعات کے مطابق سعودی حکومت نے پاکستان کے اس مطالبے پر فوری اور مثبت ردعمل دیتے ہوئے کوٹے میں اضافے کی منظوری دے دی۔ اس فیصلے کو پاکستان میں نہ صرف سرکاری سطح پر سراہا گیا بلکہ عوامی حلقوں میں بھی اسے خوش آئند اور احسن اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستانی وزارت اطلاعات کے مطابق یہ فیصلہ ان ہزاروں شہریوں کے لیے رحمت کا پیغام ہے جن کے دل میں خانہ کعبہ کی زیارت کا خواب برسوں سے دھڑک رہا تھا۔ اب وہ باقاعدہ طور پر حج کی تیاری کر سکیں گے۔ وزارت نے مزید کہا کہ وہ اس اضافی کوٹے کے تحت رجسٹریشن کے نئے مراحل کے لیے جلد اعلان کرے گی تاکہ خواہشمند شہری اس موقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔دوسری جانب مذہبی حلقوں اور عوامی نمائندوں نے سعودی حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ ممتاز علما نے اسے اسلامی بھائی چارے اور امت مسلمہ کے درمیان مضبوط رشتے کی علامت قرار دیا ہے۔
یہ اقدام نہ صرف پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے بلکہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ حرمین شریفین کی زیارت کے لیے تڑپنے والے دلوں کی دعائیں سنی جاتی ہیں اور وہ بھی ایسے وقت میں، جب امید کی روشنی مدھم پڑنے لگتی ہے۔