سعودی عرب کی کنگڈم ہولڈنگ کمپنی نے ایک نئے معاہدے پر دستخط کرتے ہوئے کہا ہے کہ جدہ اکنامک ٹاور پراجیکٹ کا تعمیراتی کام دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے اور اسے بن لادین گروپ آف کمپنیز کے ساتھ مکمل کیا جائے گا۔
کمپنی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ ٹاور دنیا کا سب سے اونچا ٹاور ہو گا۔
کہا جا رہا ہے کہ اس کی اونچائی 1,000 میٹر سے بھی زیادہ ہوگی۔ کنگڈم ہولڈنگ کمپنی نے معاہدے کی مالیت 7.2 بلین ریال بتلائی ہے۔
کمپنی نے عندیہ دیا ہے کہ یہ منصوبہ 42 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔
اس ٹاور کی کل 157 منزلیں ہوں گی جن میں میں سے 63 منزلوں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ کنگڈم ہولڈنگ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ جدید معاہدہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030 کے تحت معرض وجود میں آیا ہے۔