سعودی حکومت نے اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کردیا۔ سعودی شہریوں سمیت تمام اجنبیوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا۔ جو بھی منشیات کی خرید و فروخت یا اس کے نقل و حمل میں ملوث پایا جاتا ہے اسے سخت قانونی کاروائی کے بعد کیفرِ کردار تک پہنچا دیا جاتا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق کل بروز بدھ 4 مصری باشندوں کو جو سعودی عرب میں مقیم تھے، سزائے موت سنادی گئی ہے۔ یہ سزا انھیں منشیات کی اسمگلنگ کا الزام ثابت ہونے پر سنائی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ مہینے دو درجن سے زائد لوگوں کو منشیات کا الزام ثابت ہونے پر سزائے موت سنائی گئی تھی، جن میں اجنبیوں کے علاوہ سعودی شہری بھی شامل تھے۔
سعودی حکام کا کہنا کہ منشیات کا استعمال اتنا زہریلا اور خطرناک ہے ہوتا جا رہا ہے کہ دیکھتے ہی دیکھتے نوجوانوں کی بڑی تعداد موت کے گھاٹ اتر رہی ہے۔
سعودی حکام کے بقول اعلی قیادت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ مملکت میں منشیات کی سرگرمیوں میں ملوث کسی بھی شخص کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔
کوئی سعودی ہو یا غیر سعودی، سب کو سزا ملے گی۔ سعودی قیادت کسی کو یہ اجازت نہیں دے گی کہ وہ سعودی سرزمین پر موت کا کاروبار کرے۔