سعودی عرب نے فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کے اعزاز کو منانے کے لیے ملک بھر میں شاندار تقریبات کا آغاز کیا ہے۔ 14 دسمبر تک جاری رہنے والی ان تقریبات میں شہریوں اور رہائشیوں کو فٹبال کی جرسی پہن کر اور #Saudi2034 کے ذریعے اپنی خوشی کا اظہار سوشل میڈیا پر کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔ ریاض، جدہ، الخبر، ابہا، نیوم، القصیم اور جبیل کے آسمانوں پر بیک وقت شاندار آتشبازی کی گئی۔
ریاض، جدہ، الخبر، اور ابہا میں ڈرون شوز لوگوں کو محظوظ کر رہے ہیں، جبکہ ریاض میں آج کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ، کنگ فہد اسٹیڈیم، اور کنگ فہد روڈ پر ایئر شو بھی ہوگا۔ ریاض کی بلدیہ نے طلحہ اسٹریٹ اور تخسسی اسٹریٹ سمیت مختلف علاقوں میں مداحوں کو فٹبال کے اسکارف تحفے میں دیے اور شہری پارکوں میں روایتی رقص کے پروگرام منعقد کیے گئے۔
ملک بھر میں اہم عمارات، پارکس، اور عوامی جگہوں کو سعودی جھنڈوں اور سبز روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔ اعلان کی تقریب کے موقع پر کنگ عبداللہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جیسے اداروں نے واچ پارٹیز کا اہتمام کیا۔ یہ تقریبات سعودی عوام کے اتحاد اور کامیابی پر فخر کی عکاسی کرتی ہیں۔
ریاض میں تقریبات کے اہم مقامات میں بولیوارڈ سٹی، لیسن ویلی، روشن فرنٹ، اور بجیری ٹیرس شامل ہیں۔ جدہ میں کارنیش سرکٹ، روشن واٹر فرنٹ، کارنیش اُبہر، پرنس ماجد پارک، کنگ عبدالعزیز کلچرل سینٹر، اور میونسپلٹی بلڈنگ نمایاں جگہیں ہیں۔ الخبر کے ہاف مون بیچ اور کنگ عبدللہ پارک کے ساتھ ساتھ الباحہ، بریدا، اور ابہا کے مختلف مقامات پر بھی مداحوں کے لیے فٹبال سے متاثر تقریبات منعقد ہو رہی ہیں۔
یہ تقریبات شائقین کو متحد کرنے اور خوشیوں کے ماحول کو فروغ دینے کا ایک ذریعہ ہیں۔ آتشبازی، ڈرون شوز، ثقافتی پروگراموں اور روشن مقامات کے ذریعے شائقین کو ناقابلِ فراموش تجربات فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ دنیا کے سب سے بڑے فٹبال ٹورنامنٹ کی میزبانی کی تیاری کی جا رہی ہے