جدہ بندرگاہ پر ایک حیران کن اور سنسنی خیز کارروائی کے دوران سعودی کسٹمز حکام نے منشیات اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
بیرون ملک سے آنے والی ایک کنٹینر شپمنٹ میں موجود مرغی کے منجمد گوشت میں انتہائی ہوشیاری سے کوکین چھپائی گئی تھی، مگر چالاکی کے باوجود یہ منصوبہ کامیاب نہ ہو سکا۔
سعودی حکام کے مطابق، جدید اسکیننگ سسٹمز کے ذریعے جب اس شپمنٹ کا معائنہ کیا گیا تو فریزر کے مختلف حصوں میں چھپائی گئی سفید پاؤڈر نما مشکوک چیز کا پتہ چلا، جسے بعد ازاں لیبارٹری ٹیسٹ کے ذریعے کوکین قرار دیا گیا۔
ضبط کی گئی کوکین کی مقدار تقریباً 46.8 کلوگرام تھی، جو مختلف پیکٹس کی شکل میں نہایت باریکی سے گوشت کے درمیان اور فریزر کے کونوں میں چھپائی گئی تھی۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ منشیات مملکت کے اندر اسمگل کر کے آگے سپلائی کی جانی تھی، مگر کسٹمز اہلکاروں کی مستعدی اور ٹیکنالوجی کے بروقت استعمال سے یہ خطرناک منصوبہ بے نقاب ہو گیا۔
منشیات کے اس ذخیرے کو فوری طور پر انسداد منشیات کے محکمے کے حوالے کر دیا گیا ہے جہاں مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس اسمگلنگ نیٹ ورک کے پیچھے موجود عناصر کو گرفتار کیا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ایسی کسی بھی کوشش کو سختی سے روکا جائے گا۔