ریاض میں توانائی کے موضوع پر سعودی عرب اور امریکہ کے اعلیٰ سطحی وفود کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعاون، تحقیقی اقدامات اور مستقبل کے چیلنجز پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔
اس ملاقات میں سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ اپنے ہمراہ وفد کے ساتھ شریک ہوئے۔
یہ اہم نشست شاہ عبداللہ اسٹڈیز اینڈ پیٹرولیم ریسرچ سینٹر میں منعقد ہوئی، جو توانائی کے میدان میں سائنسی تحقیق اور ماحولیاتی بہتری کے لیے ایک کلیدی ادارہ تصور کیا جاتا ہے۔
دورے کے دوران دونوں ممالک کے وزراء اور ان کے وفود کو اس تحقیقی مرکز کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں مرکز کی تحقیقاتی سرگرمیوں، ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی کوششوں، پائیدار ٹرانسپورٹ کے طریقوں اور توانائی کے مستقبل پر مشاورتی خدمات کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔
ملاقات کے دوران توانائی کے شعبے میں درپیش حالیہ عالمی چیلنجز پر بھی کھل کر بات چیت کی گئی۔
دونوں ممالک کے نمائندوں نے ان مسائل کے ممکنہ حل تلاش کرنے، مشترکہ تحقیق کو فروغ دینے اور تکنیکی و انسانی وسائل کے تبادلے پر خصوصی زور دیا۔
اس کے علاوہ توانائی کے شعبے میں جدید رجحانات اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک طویل مدتی شراکت داری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس ملاقات کا ایک اہم پہلو یہ بھی تھا کہ دونوں ممالک نے نہ صرف تحقیق اور ڈیویلپمنٹ پر توجہ مرکوز کی بلکہ اس امر پر بھی اتفاق کیا کہ توانائی کی پالیسیوں میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو مدنظر رکھنا ناگزیر ہو چکا ہے۔
اس تناظر میں مشترکہ تحقیقی منصوبے، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور تجربات کے تبادلے کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق رائے پایا گیا۔
یہ ملاقات نہ صرف دونوں ممالک کے توانائی شعبے میں تعلقات کو ایک نئی جہت دینے کا باعث بنی بلکہ یہ مستقبل میں سائنسی تعاون، ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے حوالے سے بھی ایک امید افزا قدم ثابت ہو سکتی ہے۔