بنگلہ دیش کی نجی ایئرلائنز یو ایس بنگلہ نے خلیجی ممالک کے لیے اپنی فضائی خدمات میں نمایاں وسعت دیتے ہوئے، اب ڈھاکہ سے سعودی دارالحکومت ریاض کے لیے براہِ راست پروازیں شروع کر دی ہیں۔
یہ اقدام نہ صرف سعودی عرب میں موجود لاکھوں بنگلہ دیشی کارکنوں کی سہولت کے لیے ہے بلکہ حج و عمرہ کے لیے جانے والے زائرین کے سفر کو بھی سہل بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
یو ایس بنگلہ ایئرلائنز نے پیر کے روز حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پہلی فلائٹ روانہ کی، جو کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ریاض پہنچی۔ اس پرواز میں 423 مسافر سوار تھے، جو مکمل بکنگ کی علامت تھی۔
حکام کے مطابق، ڈھاکہ سے ریاض کے لیے ہفتہ وار پانچ پروازیں چلائی جائیں گی جن کے لیے جدید ایئربس A330 طیارے استعمال کیے جائیں گے۔
مستقبل میں ان پروازوں کو روزانہ کی بنیاد پر بڑھانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔
یو ایس بنگلہ ایئرلائنز کے جنرل منیجر برائے پبلک ریلیشنز، قمرالاسلام نے عرب نیوز کو بتایا کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک کے لیے بنگلہ دیشی مسافروں کی طلب ہمیشہ بلند رہی ہے۔
اُن کے بقول، ہمیں غیر معمولی ردِعمل مل رہا ہے اور ہماری فلائٹس مکمل بکنگ کے ساتھ روانہ ہو رہی ہیں۔
اسی وجہ سے ہم جلد ہی روزانہ کی پروازوں کا نظام شروع کریں گے۔”
یاد رہے کہ یو ایس بنگلہ ایئرلائنز بنگلہ دیش کی سب سے بڑی فضائی کمپنی ہے، جو بیڑے میں موجود 24 طیاروں کے ساتھ قومی ایئرلائن بیمان سے بھی آگے نکل چکی ہے۔
پچھلے سال نئے بوئنگ 737 اور ایئربس A330 طیاروں کی شمولیت کے بعد یہ کامیابی حاصل کی گئی۔
ایئرلائن کی سعودی عرب کے لیے خدمات کا آغاز اگست 2023 میں جدہ کے لیے روزانہ پروازوں سے ہوا تھا۔
اب ریاض کے ساتھ، مشرق وسطیٰ میں اس کی چھ منزلیں مکمل ہو چکی ہیں جن میں دبئی، شارجہ، ابوظہبی، مسقط، اور دوحہ شامل ہیں۔
ریاض کا نیا روٹ یو ایس بنگلہ کی 14ویں بین الاقوامی منزل بھی ہے۔
قمرالاسلام نے مزید بتایا کہ کمپنی کا اگلا ہدف دمام اور مدینہ کے لیے فضائی آپریشن شروع کرنا ہے۔
ان کے مطابق، ہماری حکمتِ عملی یہ ہے کہ دنیا کے ان تمام شہروں کو اپنے نیٹ ورک کا حصہ بنائیں جہاں بنگلہ دیشی برادری کی بڑی تعداد مقیم ہے۔
کسی نئے مقام کے لیے پروازیں شروع کرنے میں چھ سے سات ماہ کی منصوبہ بندی اور اجازت نامے درکار ہوتے ہیں۔
یو ایس بنگلہ ایئرلائنز نے 2010 میں اپنے سفر کا آغاز صرف ملکی پروازوں کے ساتھ کیا تھا، تاہم چند ہی برسوں میں بین الاقوامی پروازوں کے میدان میں قدم رکھ کر اب یہ ایئرلائن بنگلہ دیشی فضائی صنعت میں سب سے نمایاں مقام حاصل کر چکی ہے۔