سعودی عرب اور کرغزستان کے درمیان معاشی تعلقات کو نئی جہت دینے کے لیے ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہے، جس کے تحت دونوں ممالک نے مشترکہ کاروباری کونسل کے قیام کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
اس معاہدے پر دستخط سعودی چیمبرز فیڈریشن اور کرغیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان ہوئے، جس کا مقصد دونوں ملکوں کے تاجروں کو ایک مضبوط اور مستقل پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنی تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے سکیں اور باہمی شراکت داری کے مواقع تلاش کر سکیں۔
یہ معاہدہ 21 مئی کو کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں منعقد ہونے والے سعودی-کرغیز بزنس فورم کے موقع پر کیا گیا۔
اس تقریب میں کرغز وزیر برائے معیشت و تجارت باکیت سیدیکوف، سعودی چیمبرز فیڈریشن کے چیئرمین حسن بن معجب الحویزی، اور دونوں ممالک کے کئی اعلیٰ حکومتی و تجارتی عہدیداران موجود تھے۔
اس موقع پر سعودی کرغیز بزنس کونسل کے چیئرمین احمد الداخل، سعودی عرب کے کرغزستان میں سفیر ابراہیم بن رادی الرادی اور کرغزستان کے سعودی عرب میں سفیر الوکبیک مریپوف سمیت 100 سے زائد سرمایہ کار بھی شریک ہوئے۔
سعودی چیمبرز فیڈریشن کے چیئرمین نے کہا کہ مشترکہ بزنس کونسل کا قیام طویل مدتی کوششوں اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط باہمی خواہش کا نتیجہ ہے، جو نہ صرف تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے گا بلکہ تجارتی امکانات کو نئی وسعت بھی دے گا۔ انہوں نے اس اقدام کو دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد اور معاشی ترقی کی علامت قرار دیا۔
فورم کے دوران مختلف اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات، سہولیات اور مراعات کا جائزہ لیا گیا جن میں برآمدات، صحت کا شعبہ، ادویات سازی، بینکاری، پن بجلی، زراعت اور جدید ٹیکنالوجی شامل ہیں۔
دونوں ممالک کی کمپنیوں کے نمائندوں کے درمیان دو طرفہ ملاقاتیں بھی ہوئیں، جن کا مقصد باہمی تعاون کے نئے در کھولنا تھا۔
سعودی فیڈریشن کے وفد نے کرغزستان کے سرکاری اور نجی اداروں کے ساتھ بھی متعدد ملاقاتیں کیں، جن میں مستقبل میں اقتصادی شراکت داری کے امکانات اور ممکنہ سرمایہ کاری کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔