اسلام آباد:پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی کے اعزاز میں منعقدہ خصوصی تقریب میں شرکت کی، اور انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ سعودی سفیر نے جنرل عاصم منیر کی دفاعی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی مزید کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تقریب کے دوران سفیر نواف المالکی نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات وقت کی کسوٹی پر ہمیشہ پورے اترے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین دفاع، سیکیورٹی، تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری سمیت تمام شعبہ جات میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے "مربوط حکمت عملی” اپنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
جنرل سید عاصم منیر نہ صرف پاکستان کے 17ویں چیف آف آرمی اسٹاف ہیں، بلکہ وہ ملکی دفاع، دہشت گردی کے خلاف جنگ، اور خطے میں امن کے قیام کے لیے نمایاں کردار ادا کر چکے ہیں۔ وہ پہلے ایسے آرمی چیف ہیں جنہوں نے ایم آئی (ملٹری انٹیلی جنس) اور آئی ایس آئی (انٹرسروسز انٹیلیجنس) دونوں کی سربراہی کی۔ ان کی پیشہ ورانہ قیادت اور دور اندیشی کو عالمی سطح پر سراہا جاتا ہے۔
سعودی پاکستان تعلقات نئی جہتوں کی جانب گامزن ہے،سعودی سفیر نے اس موقع پر زور دیا کہ آنے والے دنوں میں سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو "تاریخی بلندیوں” پر لے جانے کے لیے پرعزم ہے۔ دونوں ممالک نے علاقائی سلامتی، انسداد دہشت گردی، توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری، اور تجارتی تبادلوں کو بڑھانے کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔
تقریب کا اختتام دونوں ممالک کے درمیان اخوت، یکجہتی اور اسٹریٹجک شراکت داری کے ایک نئے دور کے عزم کے اظہار پر ہوا۔