ریاض: دنیائے فٹبال کے عظیم ستارے، کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی کلب النصر کو الوداع کہنے کا عندیہ دے کر مداحوں کو حیران کر دیا۔ سعودی پرو لیگ کے اختتام کے چند گھنٹوں بعد، رونالڈو کی جانب سے پوسٹ کی گئی ایک پرسرار ٹویٹ نے قیاس آرائیوں کا طوفان برپا کر دیا ہے۔
رونالڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنی ایک تصویر کے ساتھ لکھا باب ختم ہوگیا۔ لیکن کہانی ابھی جا رہی ہے۔ میں اس سفر میں سب کا مشکور ہوں۔
یہ الفاظ گویا نہ صرف النصر کے ساتھ ان کے باب کا خاتمہ ظاہر کر رہے ہیں بلکہ ایک نئے، ممکنہ طور پر فیفا کلب ورلڈ کپ سے جڑے باب کی شروعات کا اشارہ بھی دے رہے ہیں۔
2022 میں مانچسٹر یونائیٹڈ سے سعودی کلب النصر میں شمولیت اختیار کرنے والے 40 سالہ رونالڈو نے محض دو سیزن میں کلب کو عالمی شہرت دلائی۔
اپنے آخری میچ میں الفتح کے خلاف کھیلتے ہوئے رونالڈو نے اپنا 99واں گول اسکور کیا — یہ ان کا النصر کے لیے 105واں میچ تھا۔
اگرچہ وہ 25 گولز کے ساتھ لیگ کے ٹاپ اسکورر رہے، لیکن النصر ٹیم 70 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی اور اگلے سیزن کی اے ایف سی چیمپئنز لیگ میں کوالیفائی نہ کر سکی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، رونالڈو کو ایک نامعلوم برازیلی کلب کی جانب سے دلکش مالی پیشکش موصول ہوئی ہے، جو فیفا کلب ورلڈ کپ 2025 میں شرکت کرے گا۔
یہ ورلڈ کپ 15 جون سے 13 جولائی تک امریکہ میں شیڈول ہے۔فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے بھی حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ رونالڈو ممکنہ طور پر کلب ورلڈ کپ میں ایک نئے کلب کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔
رونالڈو کا یہ مبہم پیغام محض اتفاق نہیں لگتا۔ جہاں ایک طرف النصر کے ساتھ ان کا معاہدہ جون میں ختم ہو رہا ہے، وہیں دوسری جانب ان کے الفاظ مداحوں کو کسی بڑی خبر کے لیے تیار کر رہے ہیں۔
رونالڈو کے مداح دنیا بھر میں اس سوال پر متجسس ہیں کیا رونالڈو "CR7” میں ایک اور تاریخی باب رقم کرنے جا رہے ہیں؟