ریاض:خادمِ حرمین شریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عید الاضحیٰ کے بابرکت موقع پر عرب و اسلامی دنیا سمیت پوری انسانیت کے لیے خیر، سلامتی اور محبت کا پیغام دیا ہے۔
سعودی فرمانروا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے تہنیتی پیغام میں کہا، "ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اُس نے ہمیں حرمین شریفین کی خدمت کا شرف بخشا۔ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ اپنے گھر آنے والے حجاج کرام کا حج، ان کی عبادات اور طاعات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مزید کہا کہ عید الاضحیٰ کا یہ مبارک موقع امتِ مسلمہ کے لیے خیر و برکت، سلامتی، اور عالمی سطح پر محبت اور بھائی چارے کا پیغام لے کر آئے۔
آخر میں خادمِ حرمین شریفین نے سب کو عید کی پُرخلوص مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ آپ سب کو عید مبارک!
شاہ سلمان کا یہ پیغام نہ صرف عالم اسلام کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے بلکہ دنیا کو پرامن بقائے باہمی اور روحانی یکجہتی کی جانب بھی دعوت دیتا ہے۔