مکہ مکرمہ:پاکستان کے حج مشن نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔ سعودی وزارت حج و عمرہ نے 2025 کے حج انتظامات پر پاکستان کو "ایکسلینس ایوارڈ” سے نوازا ہے۔ یہ عالمی سطح پر پاکستان کی حج خدمات کا اعتراف ہے، جو ایک خصوصی تقریب میں مکہ مکرمہ میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو نے پاکستان حج مشن کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ اعزاز وصول کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ ایوارڈ پاکستانی معاونین، گروپ لیڈرز اور عملے کی انتھک محنت، منظم حکمت عملی اور حکومتی سرپرستی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حج 2026 کی ٹائم لائن کا فوری اجرا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان آئندہ سال بھی قبل از وقت منصوبہ بندی کے ذریعے بہترین انتظامات یقینی بنانا چاہتا ہے۔
تقریب میں سعودی نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبد الفتاح مشاط نے حج 2026 کے لیے پالیسی اور ٹائم لائن کا اعلان کیا۔ ان کے مطابق 1447 ہجری کے یکم محرم سے حج آپریٹرز کی رجسٹریشن "مسار پلیٹ فارم” کے ذریعے شروع ہو جائے گی تاکہ اگلے حج کی تیاریوں کا آغاز بروقت ممکن ہو۔
تقریب میں پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف، سیکریٹری مذہبی امور ڈاکٹر عطاالرحمان اور مکہ مکرمہ میں موجود حج ڈائریکٹر عزیز اللہ خان بھی شریک تھے۔
وفاقی وزیر نے سعودی عرب کی جانب سے پیش کی گئی نئی حج پالیسی اور ٹائم لائن وصول کی اور کہا کہ پاکستان ہر سال لاکھوں عازمین حج کی رہنمائی کرتا ہے، اور سعودی حکومت کے ساتھ قریبی تعاون کے تحت اس مقدس فریضے کو آسان اور مؤثر بنانے میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔