بھارت کے شہر احمد آباد کے قریب پیش آنے والے دلخراش فضائی حادثے پر سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے بھارتی صدر محترمہ دروپدی مرمو کے نام تعزیتی پیغامات ارسال کیے، جن میں حادثے کے متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں گہرے رنج کے ساتھ اس سانحے کی اطلاع ملی ہے جس میں احمد آباد ہوائی اڈے کے قریب ایک مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوا، اور اس حادثے کے نتیجے میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔ ہم اس دکھ کی گھڑی میں بھارتی قوم کے ساتھ ہیں اور مرنے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔
اسی طرح، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی بھارتی صدر کو الگ سے ایک تعزیتی پیغام روانہ کیا جس میں انہوں نے مرنے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
انہوں نے اس حادثے کو ایک الم ناک انسانی سانحہ قرار دیتے ہوئے بھارتی عوام کے غم میں شریک ہونے کا عزم دہرایا۔
ایئر انڈیا کی لندن جانے والی پرواز جمعرات کے روز احمد آباد کے نزدیک حادثے کا شکار ہو گئی تھی، جس کے نتیجے میں 204 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
ذرائع کے مطابق جہاز میں سوار مسافروں میں اکثریت بھارتی شہریوں پر مشتمل تھی، جن کی تعداد 169 بتائی گئی ہے، جبکہ دیگر مسافروں میں 53 کا تعلق برطانیہ، 7 کا پرتگال اور ایک کا کینیڈا سے تھا۔